پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق سربراہ ذکاء اشرف۔— فائل فوٹو

پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق سربراہ ذکاء اشرف۔— فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں ملازمین کی تعداد کو کم کرنے کے مقصد سے ایک حکومتی اہلکار کو سیکرٹری کے عہدے پر مقرر کیا گیا ہے۔

بین الصوبائی تعاون کی وزارت کے قانونی مشیر عرفان اللہ خان نے ہفتے کے روز خبر رساں ادارے اے پی کو بتایا کہ وزارت میں بطور کھلیوں کے لیے ایڈیشنل سیکرٹری طارق زماں آئندہ ہفتے سے چارج سنبھال لیں گے۔

خان کا کہنا ہے کہ تقرری اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں کی گئی ہے جس میں وزارتکو حکم دیا گیا تھا کہ وہ پی سی بی غیر ضروری ملازمین کو فارغ کرے۔

عدالت کا کہنا تھا کہ سابق چیئرمین ذکا اشرف کے دور میں 68 ملازمین کی غیر ضروری بھرتیاں ہوئی تھیں۔

بعد میں نجم سیٹھی کو پی سی بی کا نگراں چئرمین مقرر کیا گیا جن کے پاس تازہ الیکشن کروانے کے لیے 18 اکتوبر تک کی مہلت ہے۔

خان نے کہا 'ہم پی سی بی ہیڈکوارٹر کو اگلے ہفتے دورہ کریں گے جہاں ہم کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کریں گے۔'

'ہمیں صرف پی سی بی ملازمین کو فارغ کرنے کا ہی کام نہیں دیا گیا بلکہ ان ملازمین کو کرکٹ بورڈ کی جانب سے جو رقم دی گئی اسے وصول بھی کرنا ہے'

پی سی بی کے پاس تقریباً 900 کے قریب ملازمین ہیں جو کہ ملک بھر میں مختلف علاقائی کرکٹ ایسوسی ایشنز اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں خدمات سرانجام دیتے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق پی سی بی نے گزشتہ ماہ تین بلین روپوں کا بجٹ منظور کیا ہے جس کے باعث اسے 500 ملین روپوں کے مالی بحران کا سامنا ہوگا۔

خسارے کی بڑی وجہ ملک میں بین الاقوامی کرکٹ نہ ہونا ہے جس کے باعث پاکستان کو اپنے ہوم میچز دیگر ممالک میں منعقد کرنا پڑتے ہیں۔