فائل فوٹو—
اورکزئی: پاکستان کے قبائلی علاقے اورکزئی ایجنسی میں طالبان مخالف شدت پسند گروہ کے مرکز پر جمعرات کی صبح ایک خود کش حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک اور پندرہ زخمی ہوگئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق طالبان مخالف شدت پسند کمانڈر ملا نبی حنفی کی کمپاؤنڈ پر دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی کے ذریعے کیا گیا جس سے وہ کمپاؤنڈ مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔
ذرائع نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خودکش حملے میں 6 افراد ہلاک، جبکہ پانچ زخمی ہوئے ہیں۔
تاہم اس علاقے میں میڈیا کی رسائی نہ ہونے کی وجہ سے ہلاکتوں کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔
ملاُ حنفی ماضی میں تحریکِ طالبان پاکستان کے ساتھ منسلک تھے، لیکن بعد میں ان کے درمیان اختلافات پیدا ہوگئے تھے۔
ملاُ حنفی کے مرکز کو طالبان پہلے بھی نشانہ بناتے رہے ہیں۔
اس کے علاوہ ملاُ حنفی ہنگو کے صوبائی اسمبلی کے ایک رکن فرید خان کے قتل کے سلسلے میں بھی حکام کو مطلوب تھا۔
یاد رہے کہ فرید خان کا تعلق پاکستان تحریکِ انصاف سے تھا جنہیں رواں سال جون کے مہینے کے دوران ہنگو میں فائرنگ کر کے قتل کردیا گیا تھا۔
اورکزئی ایجنسی طالبان اور القاعدہ کا گڑھ سمجھا جاتا ہے، لیکن سیکیورٹی حکام کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے 92 فیصد علاقہ دہشت گردوں سے خالی کروالیا ہے۔
No comments :
Post a Comment