۔ — اے ایف پی فوٹو
کراچی:پاکستان کے مایہ ناز سپنر سعید اجمل نے کوچ ڈیو واٹمور سے اپنے بیان پر معافی مانگ لی ہے۔
منگل کو جیو سپر پر ایک انٹرویو کے دوران اجمل نے سری لنکا میں پیدا اور آسٹریلیا میں پلے بڑھے واٹمور اور کھلاڑیوں کے درمیان رابطے میں مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہ تھا کہ سابق کوچ وقار یونس اور محسن خان نے کھلاڑیوں کو بہت اچھی طرح سنبھالا۔
واٹمور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے ذریعے اجمل کے بیان پر افسوس کا اظہار کیا۔
بعد میں انہوں نے ایک اور ٹوئٹ کے ذریعے بتایا کہ اجمل نے ان سے ذاتی طور پر معافی مانگ لی ہے، جسے انہوں نے قبول کر لیا۔
جنوبی افریقہ کے خلاف متحدہ عرب امارات میں مشکل ہوم سیریز سے پہلے کسی بھی تنازعہ سے بچنے کی کوششوں میں مصروف پاکستان کرکٹ بورڈ نے بدھ کو رات گئے اپنے ایک بیان میں اجمل کا تفصیلی معافی نامہ جاری کیا۔
اجمل نے اس بیان کے ذریعے بتایا کہ وہ فوری طور پر واٹمور کے پاس گئے اور ان سے معافی مانگتے ہوئے وضاحت کی کہ انہوں نے کس وجہ میں ایسا بیان دیا تھا۔
اجمل کا کہنا تھا: واٹمور نے پاکستان ٹیم کے ساتھ انتھک محنت کی ہے اور ان کی خدمات کو تسلیم نہ کیا جانا بہت بڑی زیادتی ہو گی۔
'میرے واٹمور کے ساتھ تعلقات بہت اچھے ہیں اور میں امید کرتا ہوں کہ آئندہ سیریز میں بھی یہ تعلقات ایسے ہی رہیں گے'۔
خیال رہے کہ گزشتہ مہینے زمبابوے کے ہاتھوں ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی شکست کے بعد واٹمور پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔
اب انہیں اگلے دو ہفتوں میں شروع ہونے والی جنوبی افریقہ کے خلاف مشکل سیریز کا سامنا ہے۔
پاکستان کے کئی سابق کھلاڑی ریکارڈ پر کہہ چکے ہیں کہ پاکستان کے لیے مقامی کوچ زیادہ مفید ہو گا۔
انیس سو چھیانوے میں پہلی مرتبہ سری لنکا کو ورلڈ کپ میں کامیابی دلانے اور پھر دو ہزار سات میں بنگلہ دیش جیسی کمزور ٹیم کو ورلڈ کپ کے دوسرے راؤنڈ میں پہنچانے والے واٹمور نے گزشتہ سال مارچ میں پاکستانی ٹیم کے ساتھ کام شروع کیا تھا۔
لیکن ان کی سرپرستی میں پاکستان اب تک ایک بھی ٹیسٹ سیریز جیتنے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔
موجودہ صورتحال میں ان کے پی سی بی کے ساتھ اگلے سال فروری میں ختم ہونے والے معاہدے کی تجدید کا امکان نہیں ہے۔
No comments :
Post a Comment