۔۔۔فائل فوٹو۔

۔۔۔فائل فوٹو۔

جلال آباد: افغانستان میں ایک پولیس ہیڈکوارٹر پر خودکش حملے کے نتیجے میں ہفتے کے روز دو پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔

خیال رہے کہ یہ حملہ ایسا موقع پر کیا گیا ہے جب امریکی وزیر خارجہ جان کیری کابل کے دورے پر ہیں۔

ننگر ہار کے صوبائی ترجمان احمد ضیا عبدالزئی کا کہنا ہے کہ حملہ صوبائی دارالحکومت جلال آباد میں واقع پولیس چیف کے دفتر کے برابر میں ہوا۔

عبدالزئی نے بتایا کہ خودکش بمبار نے مرکزی داخلی راستے پر اپنی گاڑی دھماکہ خیز مواد سے اڑالی جس سے ہیڈکوارٹر کا سامنے والا حصہ تباہ ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ واقعے میں ایک شہری ہلاک جبکہ دو زخمی بھی ہوئے۔

ڈپٹی پولیس چیف جنرل موصوم خان ہاشمی نے بتایا کہ واقعے میں تین شہری اور دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔

جلال آباد کابل سے پاکستان کے قبائلی علاقوں کی جانب راستے کے درمیان واقع ہے جہاں خیال کیا جاتا ہے کہ طالبان اور القاعدہ منسلک جنگجو موجود ہیں۔

گزشتہ سال سے لیکر اب تک شہر میں متعدد حملے کیے جاچکے ہیں۔

رواں سال اگست میں خود کش بمباروں نے ایک ہندوستانی قونصلیٹ کو نشانہ بنایا جسکے نتیجے میں سات بچوں سمیت نو شہری مارے گئے۔

تاحال کسی گروپ نے آج ہونے والے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔